اندور، 6 ؍نومبر(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )بھوپال سینٹرل جیل سے فرار سیمی کے 8 کارکنوں کی مبینہ انکاؤنٹر میں موت کے بعد مدھیہ پردیش پولیس کی متنازعہ کارروائی کو لے کر اٹھ رہے سوالات پر تبصرہ کرنے سے گریز کرتے ہوئے صوبے کے پولیس ڈائریکٹر جنرل(ڈی جی پی)رشی کمار شکلا نے آج کہا کہ معاملے کی عدالتی تحقیقات سے ان سوالات کا جواب مل جائے گا۔شکلا نے بھوپال مبینہ انکاؤنٹر معاملے میں پولیس کے کردار کو لے کر اٹھ رہے سوالوں کے بارے میں پوچھے جانے پر یہاں نامہ نگاروں سے کہاکہ ریاستی حکومت نے معاملہ کی عدالتی تحقیقات کا حکم دے د یا ہے، اس کی جانچ رپورٹ میں آپ (میڈیا) کے سوالات کا جواب مل جائے گا۔یہ پوچھے جانے پر کہ کیا انہیں یقین ہے کہ عدالتی تحقیقات میں پولیس بے دا غ نکلے گی، ڈی جی پی نے کہاکہ اس کا جواب بھی عدالتی جانچ رپورٹ ہی مل جائے گا۔وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان نے بھوپال انکاؤنٹر معاملے پر سوالات اٹھنے کے بعد اس کی عدالتی تحقیقات کا حکم دیا ہے، یہ تحقیقات ہائی کورٹ کے ریٹائرڈ جج جسٹس ایس کے پانڈے کی طرف سے جائے گی۔میڈیا سے غیر رسمی بات چیت سے پہلے شکلا نے یہاں ریوتی شوٹنگ رینج میں مدھیہ پردیش پولیس کے ریاستی سطح کے نشانے بازی مقابلہ کا افتتاح کیا۔اس چار روزہ مقابلہ میں پولیس اہلکاروں کی 13ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔